ہم کو ہوا تھا عشق جوانی میں مختصر

By aarif-nazeerJuly 30, 2024
ہم کو ہوا تھا عشق جوانی میں مختصر
کردار تھا ہمارا کہانی میں مختصر
مت پوچھ رات کتنی اذیت گزار تھی
ملنا تھا اس سے شام سہانی میں مختصر


تفصیلی گفتگو کا تھا موضوع پر وہ شخص
جو کہہ گیا ہے بات روانی میں مختصر
سورج مکھی کا پھول تھا ناراض شام تک
میں کھو گیا تھا رات کی رانی میں مختصر


بہروپ دوستوں کا عیاں ہم پہ ہو گیا
دیکھا نشانہ ہم نے نشانی میں مختصر
اعمال نیک و بد کی ہمیں کیا خبر میاں
ہم رہ رہے ہیں کوچۂ فانی میں مختصر


احوال لکھ کے آپ ہمیں بھیج دیجیے
عارف نظیرؔ مصرع ثانی میں مختصر
57249 viewsghazalUrdu