تماشائی نہ مل پائے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
توجہ
وہ یہاں کس کو ملی ہے
خدا نے کیا کسر چھوڑی تھی کوئی
توجہ کھینچنے کی


مگر کیا ہاتھ آیا
تماشا گاہ تک لائے گئے تھے مفت میں ہم
ٹکٹ بھی واپسی کا جیب میں اس نے ہماری رکھ دیا تھا
کہ ہم بے فکر ہو کر کھیل کا اس کے مزہ لیں


فقط تعریف کرنے کے عوض
تالی بجانے کے عوض جنت
بڑا انعام تھا
تماشے روشنیوں کے بھی سب دلچسپ تھے


مگر پھر بھی ہمیں ایسا نہیں لگتا
تماشہ دھیان سے دیکھا کسی نے
وہ جس اک واہ کی خاطر
یہ سارا انتظام اس نے کیا تھا


دلوں سے وہ کبھی نکلی کسی کے
اگر یہ سب خدا کے ساتھ ہو سکتا ہے
تو ہم کیا
ہمارے چھوٹے موٹے کھیل کیا


بازی گری کیا
سبب بنتا نہیں شکوے کا کوئی
بلا مطلب تماشہ دیکھنے والوں سے اپنے ہم خفا ہیں
خدا کو جب یہاں اچھے تماشائی نہ مل پائے


تو ہم کیا ہیں
77536 viewsnazmUrdu