یقیں خود پہ اتنا بڑی بات ہے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
یقیں خود پہ اتنا بڑی بات ہے
اکیلے تماشہ بڑی بات ہے
ہزاروں سے رشتہ نبھاتے ہوئے
کسی کا نہ ہونا بڑی بات ہے


ہمیں یوں بھی تم یاد رہ جاؤ گے
برابر کا دھوکا بڑی بات ہے
شکاری سے بچنے میں کیسا کمال
نشانے پہ رہنا بڑی بات ہے


ترے بے مروت لبوں سے کوئی
بہانہ بھی سننا بڑی بات ہے
بڑا کام ڈھارس بندھانا نہیں
برابر سے رونا بڑی بات ہے


ٹھکانے لگاؤں کہاں خاک کو
ہوا کا یہ کہنا بڑی بات ہے
73264 viewsghazalUrdu