وہ جو سبھی خداؤں کا اک ہے خدا مرے عزیز

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
وہ جو سبھی خداؤں کا اک ہے خدا مرے عزیز
تم کو ملے تو بھیجنا اس کا پتہ مرے عزیز
اس نے خوش آمدید اگر تم کو نہیں کہا تو کیا
سیکڑوں منتوں کے بعد در تو کھلا مرے عزیز


لہروں نے جھوم جھوم کر چھیڑا بطوں کے غول کو
نہر کے آس پاس تھی ایسی ہوا مرے عزیز
یہ تو بقا کی جنگ تھی اس کو تو جیتنا ہی تھا
تم نے سپر ہی ڈال دی کیا یہ کیا مرے عزیز


ایک قدیم شام کو رقص کیا پہن کے میں
ہجر میں کام آ گئی یہ بھی قبا مرے عزیز
جائیے چھوٹ دی گئی آپ کو قتل عام کی
آپ ہیں عرف عام میں راہنما مرے عزیز


51188 viewsghazalUrdu