وہ اک دریا اور اسے حیرانی ہے

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
وہ اک دریا اور اسے حیرانی ہے
میری پیاس کا مطلب سارا پانی ہے
اب بھی اک تصویر میں ہے وہ ساتھ مرے
جس نے اپنی شکل نہیں پہچانی ہے


وقت بہت لگتا ہے آنے جانے میں
کہنے کو تو دنیا آنی جانی ہے
اک دشمن کے ساتھ یہاں تک آ پہنچے
اور کہاں تک آنکھوں کی ویرانی ہے


اس نے ہنس کر ہاتھ چھڑایا ہے اپنا
آج جدا ہو جانے میں آسانی ہے
19106 viewsghazalUrdu