تیرے دیوانے کو اس طرح ستایا گیا ہے

By bilal-sabirMarch 1, 2024
تیرے دیوانے کو اس طرح ستایا گیا ہے
تیری آواز میں اب اس کو بلایا گیا ہے
میری تصویر کو دیکھا تو کہا لوگوں نے
یار اس کو تو زبردستی ہنسایا گیا ہے


کن کی ماچس سے جلایا گیا تھا ایک دیا
وہ دیا توڑ کے سورج کو بنایا گیا ہے
حاکم وقت کی یہ بات میں سمجھا ہی نہیں
آئنہ خانے میں کیوں اندھوں کو لایا گیا ہے


دل محلے میں مجھے عشق کی دعوت میں میاں
غم کھلایا گیا ہے اشک پلایا گیا ہے
اب تو مفہوم چرا کر ہی غزل کی گئی ہے
یعنی پانی میں بہت دودھ ملایا گیا ہے


دیکھ دشمن نے بتایا ہے تو سچ ہوگا بلالؔ
میرے بارے میں تجھے جو بھی بتایا گیا ہے
99265 viewsghazalUrdu