سفر حالانکہ تیرے ساتھ اچھا چل رہا ہے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
سفر حالانکہ تیرے ساتھ اچھا چل رہا ہے
برابر سے مگر اک اور رستہ چل رہا ہے
زبانی کھیل بن کر رہ گیا ہے عشق اپنا
جہاں وعدے کے بدلے صرف وعدہ چل رہا ہے


کہاں تک بزم میں بیٹھا رہوں نظریں جھکائے
جدھر دیکھو ادھر کوئی اشارہ چل رہا ہے
ہمیں یہ بیچ جھگڑے میں اچانک یاد آیا
کہ اس کے ساتھ تو جھگڑا ہمارا چل رہا ہے


کبھی بستر سے اٹھے بھی تو یہ چیخیں سنی ہیں
کھلونا چل گیا دیکھو کھلونا چل رہا ہے
ہر اک محفل میں ہوتا تھا نیا انداز اپنا
مگر اب مدتوں سے ایک چہرہ چل رہا ہے


59875 viewsghazalUrdu