سبھی کو مسکرا کر مار ڈالا

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
سبھی کو مسکرا کر مار ڈالا
بچے ہم سو ڈرا کر مار ڈالا
یہ قبرستان اس کی ملکیت ہے
نیا نقشہ دکھا کر مار ڈالا


محبت میں فنا ہونا نہیں تھا
کسی نے ورغلا کر مار ڈالا
ان آنکھوں کا بڑا سودا تھا ہم کو
ہمیں آنکھیں دکھا کر مار ڈالا


لطیفے خوب خدمت گار کے تھے
ہمیں تو کل ہنسا کر مار ڈالا
بس اک مجنوں ہی تھا مد مقابل
اسے صحرا میں جا کر مار ڈالا


35302 viewsghazalUrdu