سب ستارے لٹا دئے میں نے

By tajwer-shakeelMarch 1, 2024
سب ستارے لٹا دئے میں نے
اشک سارے بہا دئے میں نے
ایک اس شخص کے لئے خود کو
روگ کیا کیا لگا دئے میں نے


کیوں دعا عرش تک نہیں جاتی
بام و در تک ہلا دئے میں نے
اس نے بے ساختہ کہا بارش
اور آنسو بہا دئے میں نے


دل کو ہر بار توڑ جاتا تھا
قفل اس پر لگا دئے میں نے
جس نے سن کر بھی ان سنی کر دی
درد اس کو سنا دئے میں نے


جب جہاں جس پہ راج کر ڈالے
پیار منتر سکھا دئے میں نے
عشق تازہ کی حدتیں توبہ
خط پرانے جلا دئے میں نے


اپنے مطلب سے جو ملے ہر دم
وہ بھی رشتے نبھا دئے میں نے
تاجورؔ عشق کا تقاضہ تھا
غم اٹھا کر چھپا دئے میں نے


37219 viewsghazalUrdu