صدر عالی مقام ہونے سے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
صدر عالی مقام ہونے سے
رہ گئے اپنے کام ہونے سے
ایک پہچان تھی سو وہ بھی گئی
بے وفائی کے عام ہونے سے


آ گئی چال میں اکڑ میری
جیب میں پورے دام ہونے سے
نکتہ چینوں کے لب سلے ہی رہے
آپ کا انتظام ہونے سے


وقت سے پہلے ہو گئے بوڑھے
اس قدر احترام ہونے سے
اپنی خدمت لگی مجھے بہتر
دوسروں کا غلام ہونے سے


رو تو لیتا تھا پہلے قسمت کو
کام بگڑا ہے کام ہونے سے
93574 viewsghazalUrdu