لوگ جو آگے سے آگے بولتے ہیں

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
لوگ جو آگے سے آگے بولتے ہیں
ہم انہیں لوگوں کے منہ سے بولتے ہیں
دیکھنا اک روز پکڑے جائیں گے ہم
کس قدر کنگن تمھارے بولتے ہیں


لاکھ سچا اور نیا ہو عشق اپنا
جھوٹ ہم پہلے ہی والے بولتے ہیں
جس طرح وہ بولتا ہی جا رہا ہے
یوں تو چپ ہونے سے پہلے بولتے ہیں


واقعی میں یار ہوں جیسے ہمارے
یار تو کچھ لوگ ایسے بولتے ہیں
بے سبب ہم بات کرتے ڈر رہے تھے
آپ تو بچوں کے جیسے بولتے ہیں


دیکھیے کب تک رہے یہ جوش ہم میں
دیکھیے کب تک اکیلے بولتے ہیں
56490 viewsghazalUrdu