کیوں بھلا آدھا ادھورا عشق کیجے

By nomaan-shauqueFebruary 28, 2024
کیوں بھلا آدھا ادھورا عشق کیجے
شعر کہیے عشق پر یا عشق کیجے
جو لکھا ہے جو پڑھا ہے جو کیا ہے
سب بھلا دے گی یہ دنیا عشق کیجے


ہے سوائے عشق خود مختار کوئی
عشق کے دم سے ہے دنیا عشق کیجے
آپ لا ثانی ہیں لا فانی بھی ہیں کیا
روئیے مت ایک سچا عشق کیجے


یہ زمانے کا گلہ کیوں اور کب تک
کچھ نہیں ہے یہ زمانہ عشق کیجے
میرے مرشد نے کہا پھر مسکرا کر
اور کھل اٹھے گا چہرہ عشق کیجے


35751 viewsghazalUrdu