کچھ تو احباب ذرا دل کے بڑے ہیں میرے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
کچھ تو احباب ذرا دل کے بڑے ہیں میرے
کچھ منانے کے طریقے بھی نئے ہیں میرے
سچ تو یہ ہے کہ نشانے پہ کوئی تھا ہی نہیں
یوں بھی کچھ تیر نشانے پہ لگے ہیں میرے


کوئی منزل ہو انہیں خرچ نہیں کرتا میں
یہ قدم لوٹ کے آنے کے لئے ہیں میرے
یہ جو آئے ہیں مدد کو مری انجان ہیں سب
ساتھ والے تو کہیں دور کھڑے ہیں میرے


عشق میں جان نہ دینے کا ہے افسوس مگر
کام کچھ ہیں جو شہادت سے بڑے ہیں میرے
82914 viewsghazalUrdu