کانچ آنکھوں میں چبھونا تو نہیں بنتا ہے

By sajid-raheemFebruary 28, 2024
کانچ آنکھوں میں چبھونا تو نہیں بنتا ہے
پھر وہی خواب پرونا تو نہیں بنتا ہے
جب کہ خود تو نے جدائی کو چنا اپنے لیے
پھر یہ ہر شب ترا رونا تو نہیں بنتا ہے


عین ممکن ہے ترا لمس کرامت کر دے
ورنہ پیتل کبھی سونا تو نہیں بنتا ہے
تو صدا دے تو نہ مڑ کر تجھے دیکھوں کیسے
کوئی پتھر مرا ہونا تو نہیں بنتا ہے


صرف اک تیری ہی مرضی کے ہے تابع یہ دل
سب کے ہاتھوں میں کھلونا تو نہیں بنتا ہے
کل کسی وقت یہی عشق کے تمغے ہوں گے
دل کے ہر داغ کا دھونا تو نہیں بنتا ہے


ہم نے مانا کہ کہانی ہے اسی کی لیکن
اس کا ہر باب میں ہونا تو نہیں بنتا ہے
25895 viewsghazalUrdu