جیون میں نقصان گھٹایا جا سکتا ہے

By sumaira-khalidFebruary 29, 2024
جیون میں نقصان گھٹایا جا سکتا ہے
بند گلی سے واپس آیا جا سکتا ہے
دھیان میں رہتی ہیں دو چنچل سی آنکھیں
دھیان کا کیا ہے دھیان بٹایا جا سکتا ہے


تارے وارے تو سب توڑ کے لاتے ہیں
آپ کہیں تو چاند بجھایا جا سکتا ہے
اتنی دیر ہی دل کو ڈھارس رہتی ہے
جب تک ان کے پیچھے سایہ جا سکتا ہے


ترک تعلق پر جب دل آمادہ ہو
کوئی بھی الزام لگایا جا سکتا ہے
فاش کریں گے راز یہ پلکوں کے درباں
کب تک دل کا حال چھپایا جا سکتا ہے


جیب میں ہیں کچھ کھوٹے بے قیمت سکے
عشق میں کتنا دام کمایا جا سکتا ہے
37360 viewsghazalUrdu