جاؤں پھر اس کو منانے کے لئے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
جاؤں پھر اس کو منانے کے لئے
کچھ نئی قسمیں ہیں کھانے کے لئے
کچھ لطیفے سے زیادہ چاہئے
بیٹھے بیٹھے مسکرانے کے لئے


بس ذرا سی دھوپ مل جاتی ہمیں
اپنے گیلے پر سکھانے کے لئے
یہ جو اب روتے ہیں گھر کی یاد میں
مر رہے تھے ساتھ آنے کے لئے


ایک ساتھی ہوش میں رکھا گیا
واپسی میں گھر بتانے کے لئے
دشمنوں کو گھر پہ لے کر آ گئے
اپنی تیاری دکھانے کے لئے


ہوش تھوڑا سا بچا لیتا ہوں میں
واپسی میں لڑکھڑانے کے لئے
81005 viewsghazalUrdu