جب مری ماں کی دعاؤں کا اثر بولتا ہے

By rashid-ansarFebruary 28, 2024
جب مری ماں کی دعاؤں کا اثر بولتا ہے
تب کہیں جا کے مرا دست ہنر بولتا ہے
مدتوں بعد بھی ہونٹوں پہ تلاوت ہے وہی
آج بھی مقتل کربل میں وہ سر بولتا ہے


خوں کی ہر بوند سے تیری ہی صدا آتی ہے
مجھ میں بہتے ہوئے دریا کا بھنور بولتا ہے
کوئی آہٹ ہے نہ دستک نہ ہوا کا جھونکا
پھر بھی ویران حویلی کا یہ در بولتا ہے


ان پرندوں نے سکھا دی ہے اسے اپنی زباں
ان پرندوں کی طرح اب یہ شجر بولتا ہے
مجھ کو تھکنے ہی نہیں دیتا جنون منزل
تھک کے بیٹھوں تو مرا شوق سفر بولتا ہے


پیڑ کے ساتھ لپٹ اور ذرا کان لگا
یوں لگے گا کہ بڑا چپ ہے مگر بولتا ہے
میری تائید یہاں کون کرے گا انصرؔ
شہر کا شہر ترے زیر اثر بولتا ہے


94232 viewsghazalUrdu