عشق کو جتنا بھی سمجھا ہم نے

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
عشق کو جتنا بھی سمجھا ہم نے
بے وفائی میں ہی سمجھا ہم نے
آنکھ کھلنے کو کرامت جانا
صبح کو واپسی سمجھا ہم نے


وصل کے بعد کیا وصل پہ غور
ہجر کو پیشگی سمجھا ہم نے
وہ جو پہلے سے پتہ تھا ہم کو
دوسروں سے وہی سمجھا ہم نے


ہر پلک پہلی تھی جھپکائی جو
سانس کو آخری سمجھا ہم نے
آج انکار کیا جاننے سے
آج کچھ واقعی سمجھا ہم نے


64065 viewsghazalUrdu