ہمت کر کے پار اترنا دل چھوٹا مت کرنا

By qamar-malalFebruary 28, 2024
ہمت کر کے پار اترنا دل چھوٹا مت کرنا
دریا کا ہے کام بپھرنا دل چھوٹا مت کرنا
دل کو درد ہجر نے گھیرا ترک وفا پر لیکن
کچھ ہفتوں کا ہے یہ دھرنا دل چھوٹا مت کرنا


رونا لیکن آس نہ دل کی رو لینے سے ٹوٹے
آنکھوں کو اشکوں سے بھرنا دل چھوٹا مت کرنا
دل سے نکلے جب کوئی تو گھر بھی کہاں آتا ہے
آنگن چھوٹا بے شک کرنا دل چھوٹا مت کرنا


اس کے مرنے سے تھوڑی نا قدر حسن گھٹے گی
بعد ملالؔ کے اور سنورنا دل چھوٹا مت کرنا
78675 viewsghazalUrdu