فسردہ کر گیا اگلے زمانوں سے گزرنا

By shariq-kaifiFebruary 29, 2024
فسردہ کر گیا اگلے زمانوں سے گزرنا
ہوا کی شکل میں خالی مکانوں سے گزرنا
دھواں بوجھل فضائے میکدہ اور پھر اچانک
کسی بے ساختہ جملے کا کانوں سے گزرنا


کسی آسیب کو مٹی نہیں دیتا ہے کوئی
ہمیں مر کر بھی ہے اپنے ہی شانوں سے گزرنا
یہ جوکھم ہی نئے کچھ رنگ بھر سکتا ہے شب میں
مرا اس وقت دشمن کے ٹھکانوں سے گزرنا


کسی پتھر کی صورت سخت و ساکت ہوں ابھی میں
ابھی باقی ہے میرا خاک دانوں سے گزرنا
ابھی اونچائی پر نظریں ہیں لیکن واپسی میں
گراں ہوگا بہت ایسی ڈھلانوں سے گزرنا


59260 viewsghazalUrdu