دل میں الٹا سیدھا چلتا رہتا ہے

By sajid-raheemFebruary 28, 2024
دل میں الٹا سیدھا چلتا رہتا ہے
چھت پر کوئی تنہا چلتا رہتا ہے
روز میں گھر کی اک دیوار گراتا ہوں
اک مزدور کا خرچہ چلتا رہتا ہے


میں بے کار نہیں ہوں یار چلائے رکھ
جب تک کھوٹا سکہ چلتا رہتا ہے
کھڑکی ایک ہوا سے کھلتی رہتی ہو
نکڑ والا کھوکھا چلتا رہتا ہے


آنکھ میں اور سمے کے منظر ہوتے ہیں
دل میں اور زمانہ چلتا رہتا ہے
گھر دفتر محبوب امیدیں اندیشے
اس کے دل میں کیا کیا چلتا رہتا ہے


آج وہ کس سے ٹیک لگا کر بیٹھے گا
دیواروں میں جھگڑا چلتا رہتا ہے
66870 viewsghazalUrdu