دیکھتے رہیے دور جاتے ہوئے

By nomaan-shauqueFebruary 27, 2024
دیکھتے رہیے دور جاتے ہوئے
یہی ہونا تھا آزماتے ہوئے
جانے ہو کون کیسی حالت میں
کانپتا ہوں دیا جلاتے ہوئے


ایک دن راکھ ہو گئے دونوں
آگ کو آگ سے بجھاتے ہوئے
مر کے زندہ بچے ہو کتنی بار
یاد رکھنا تھا چوٹ کھاتے ہوئے


وہ جو پہلا چراغ تھا گھر کا
بجھ گیا روشنی بناتے ہوئے
عمر کی ریل تھی رکی ہی نہیں
سب ہوئے دور پاس آتے ہوئے


میں ستارہ بنا نہ تم ہوئے خاک
ڈر تھا کیسا گلے لگاتے ہوئے
40655 viewsghazalUrdu