آگ دل کو لگے آنکھوں کو دھواں لے جائے

By shakeel-azmiFebruary 29, 2024
آگ دل کو لگے آنکھوں کو دھواں لے جائے
غم بچھڑنے کا ہمیں جانے کہاں لے جائے
ایک ٹوٹے ہوئے پتے کی طرح ہیں ہم بھی
اب ہوا چاہے جہاں ہم کو وہاں لے جائے


ہم ترے دکھ کو اٹھائے ہوئے یوں پھرتے ہیں
جیسے کاندھے پہ کوئی اپنا مکاں لے جائے
ہم جو ڈوبیں تو کنارے سے نہ دیکھے کوئی
اور کچھ دور ہمیں آب رواں لے جائے


کوئی چہرہ ہے نظر میں نہ کوئی منزل ہے
بس چلے جائیں گے یہ راہ جہاں لے جائے
جانے کس وقت بدل جائے بہاروں کا سماں
اور مہکے ہوئے پھولوں کو خزاں لے جائے


جس طرف جائیے سیلاب زدہ ہے دنیا
کوئی رکھنے کو کہاں اپنا مکاں لے جائے
17805 viewsghazalUrdu